نئی دہلی: مسلم ورلڈ لیگ کے سکریٹری جنرل محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور اس کے قومی آئین کے فریم ورک کے اندر بھارتی تنوع سمیت متعدد مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ مسلم ورلڈ لیگ کی تنظیم نے ٹوئٹر پر دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بارے میں اطلاع دی اور لکھا کہ مسلم ورلڈ لیگ کے سکریٹری جنرل نے اپنے دورہ بھارت کے آغاز میں متعدد بھارتی اہم عہدیدار سے ملاقات کی۔
سکریٹری جنرل نے ٹویٹ کیا کہ ہماری بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ متعدد موضوعات پر اہم بات چیت ہوئی، جس میں انسان پر مرکوز ترقی کے فروغ کے طریقۂ کار اور بین المذاہب مفاہمت اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کی اہمیت شامل ہے۔ ہم جامع ترقی کے لئے ان کے مضبوط رجحان کی ستائش کرتے ہیں۔ انتہاپسندی اور نفرت کے تمام طریقوں کا مقابلہ کرنے کی اہمیت پر بھی اتفاق کیا گیا، چاہے ان کا منبع اور وجوہات کچھ بھی ہوں۔ کیونکہ باشعور اور جامع شہریت کے بغیر ہماری متنوع اور تکثیری دنیا میں امن اور خوشحالی ممکن نہیں ہے۔ اس ملاقات کے بعد ہم نے بھارتی اسلامی ثقافتی مرکز میں اپنے لیکچر میں اس اہم ملاقات کی تفصیلات بیان کیں، جہاں نامور مسلم اورغیر مسلم مذہبی شخصیات،متعدد دانشور اور سیاست دان شریک ہوئے، جو ہندوستان کی متعدد ریاستوں سے تشریف لائے تھے اور انہوں نے لیکچر کی مندرجات کو سراہا۔
محمد العیسٰی کے ٹویٹ کے جواب میں وزیراعظم مودی نے بھی ٹویٹ کیا اور لکھا کہ مسلم ورلڈ لیگ کے سیکریٹری جنرل شیخ محمد العیسیٰ سے مل کر بہت خوشی ہوئی۔ بین المذاہب مکالمے کو آگے بڑھانے، انتہا پسندانہ نظریات کا مقابلہ کرنے، عالمی امن کو فروغ دینے اور ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرا شراکت داری پر ہمارے درمیان بہت اچھا تبادلہ خیال ہوا۔