نئی دہلی: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے آئین کے معمار ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کو ان کی 132 ویں یوم پیدائش پر دلی خراج عقیدت پیش کیا۔ پارلیمنٹ ہاؤس احاطے میں ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمہ کے سامنے خاص تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ دروپدی مرمو نے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت نذر کئے۔ اس دوران نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ اور وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس رہنما سونیا گاندھی اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا اور کئی دیگر مرکزی وزراء اور معززین نے بھی آئین کے معمار کو جذباتی خراج عقیدت پیش کیا۔ ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمے پر گلہائے عقیدت نذر کرنے کے لیے ہزاروں لوگ پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں بھی پہنچے۔
صدر دروپدی مرمو نے ایک ٹویٹ میں کہا ’’ہمارے آئین کے معمار بابا صاحب بھیم راؤ رام جی امبیڈکر کے یوم پیدائش کے موقع پر، میں تمام ہم وطنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتی ہوں۔‘‘ صدر جمہوریہ نے ڈاکٹر امبیڈکر کو علم کی علامت اور غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل شخصیت قرار دیا۔ ڈاکٹر امبیڈکر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جگدیپ دھنکھڑ نے کہا کہ وہ دانشورانہ املاک، فقیہ، سماجی مصلح اور ایک سچے قوم پرست تھے۔ انہوں نے قانون کی حکمرانی کے لیے زندگی بھر جدوجہد کی اور مساوات لانے کے لیے انتھک کوششیں کین۔
ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ’’قابل احترام بابا صاحب کو لاکھوں سلام، جنہوں نے سماج کے محروم اور استحصال زدہ طبقات کو بااختیار بنانے کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی، ان کی یوم پیدائش پر شت شت نمن۔ جئے بھیم۔‘‘ وہیں کانگریس رہنما راہل گاندھی نے باب صاحب امبیڈکر کی جینتی پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ مساوات، آزادی، بھائی چارہ اور انصاف کے متعلق باباصاحب امبیڈکر نے جن عالمگیر قدروں کی حمایت کی ہے وہ ہمیشہ ہمارے لیے طاقت رہیں گی۔ بھارت کے آئین کے معمار کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔