آج یہاں جنوبی ممبئی میں واقع حج ہاوس میں مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی (Mukhtar Abbas Naqvi) نے حج 2022 (Hajj 2022) کے متعلق ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جانکاری دی کہ یکم نومبر سے اب تک 20 ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حج مکمل طور پر ڈیجٹل ہوچکا ہے۔ آئندہ حج کے سلسلہ میں عہدیداران سے ایک میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نقوی نے مزید کہا کہ عازمین حج خود آن لائن درخواستیں دے رہے ہیں اور وہ بھی موبائل کا استعمال کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ سے موبائل ایپ پر بھی درخواستوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے اور اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا جارہاہ ہے اور ملک بھر کے وقف دفاتر میں بھی درخواستیں دی جاسکتی ہیں، جبکہ اس حج سیزن (Hajj 2022) میں ملک بھر سے صرف 10 مقامات سے حجاج کرام فریضہ حج کے لیے روانہ ہوں گے۔
مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور نے کہا کہ گزشتہ 7 برسوں میں بھارت سے حج سفر کے انتظامات میں اہم اصلاحات اور سہولیات کی فراہمی سے حج کے عمل کو بے حد آسان بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس عرصے میں حج سبسڈی ختم کرنے، بغیر محرم کے حج کی پابندی ہٹائے جانے کے ساتھ ساتھ حج کو مکمل طور پر ڈیجٹل کرنے جیسی اصلاحات سے "ایز آف ڈوئنگ حج " کو قوت حاصل ہوئی ہے۔