اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

Mukarram Jah Laid To Rest آصف جاہ ثامن مکرم جاہ بہادر کا جسد خاکی حیدرآباد کی مکہ مسجد میں سپرد خاک - حیدرآباد کی خبر

حیدرآباد کے آٹھویں نظام مکرم جاہ بہادر کے انتقال کے ساتھ نظام دور کا اختتام ہوگیا۔ جہاں آج سرکاری اعزاز کے ساتھ مکرم جاہ کو مکہ مسجد میں سپرد خاک کیا گیا۔

Etv Bharat
Etv Bharat

By

Published : Jan 18, 2023, 6:31 PM IST

حیدرآباد: آصف جاہ ثامن نواب میر برکت علی خاں مکرم جاہ بہادر کو آج بادیدہ نم ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں شہرحیدرآباد کی تاریخی مکہ مسجد میں واقع مقابر آصفیہ میں ان کے والد پرنس آف برار نواب میرحمایت علی خان اعظم جاہ بہادر کی قبرکے پہلو میں سپرد لحد کردیاگیا۔ ان کی نماز جنازہ اسی مسجد میں بعد عصراداکی گئی جس میں عوام کی بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ آصف جاہی خاندان کے افراد، مختلف ٹرسٹوں کے ذمہ داروں اور اہم شخصیات نے شرکت کی اوران کی خدمات کو خراج پیش کیا۔

قبل ازیں مکرم جاہ بہادرکی میت کو عوام کے آخری دیدار کے لئے بدھ کی صبح رکھاگیا، جبکہ کل شام اہم شخصیات نے چومحلہ پیلیس پہنچ کر ان کی میت کا آخری دیدار کیا اور انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ دربار ہال کے ایک حصہ میں آصف جاہ ثامن کی مغفرت کے لئے مسلسل قرآن خوانی کا اہتمام کیاگیا جہاں پر مرد و خواتین قرآن خوانی میں مصروف تھے۔ بعدنماز ظہر غسل اور تجہیز و تکفین انجام دی گئی۔ دربار ہال کے بازو کھلی جگہ پر غسل اور تجہیز و تکفین کے انتظامات کئے گئے تھے۔

میت پر بصد احترام پرچم آصفی رکھاگیا تھا۔پولیس کے دستہ نے سلامی بھی دی۔3.30بجے سہ پہر چومحلہ پیالیس سے جلوس جنازہ کی روانگی عمل میں آئی۔ ان کا جنازہ مکہ مسجد لے جایاگیا۔ ہزاروں افراد کے ہجوم کے پیش نظر نماز جنازہ مکہ مسجد کے اندرونی حصہ میں منبر کے قریب ادا کی گئی۔شام چار بجے تک مکہ مسجد کی ابتدائی پانچ صفیں مکمل ہوگئی تھیں۔

مکہ مسجد کے فانوس جو ہر سال اہم راتوں جیسے شب معراج، شب برات اور شب قدر کے علاوہ عید میلادالنبیؐ کے موقع پر کھولے جاتے ہیں، بطور خاص آج کھولے گئے تھے۔پرانا شہر کے کئی علاقوں میں آج سیاہ جھنڈیاں بطور سوگ لگائی گئی تھیں۔پرانا شہر کے کئی مقامات پر دکانات اور تجارتی ادارے رضاکارانہ طورپر بند رہے۔ کئی دکانات پر فلکسی لگاتے ہوئے مکرم جاہ کو بھرپورخراج پیش کیاگیا۔

یہ بھی پڑھیں: Burial of Mukarram Jah وزیر اعلی کے سی آر نے مکرم جاہ بہادُر کو خراج عقیدت پیش کیا

یو این آئی

ABOUT THE AUTHOR

...view details