نئی دہلی: پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس سے پہلے حکومت صبح 11 بجے آل پارٹی میٹنگ کی۔ جس میں ایوان کی کارروائی کو بہتر طریقہ سے چلانے کے لیے حکمت عملی بنانے پر زور دیا گیا۔ پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے ایک میٹنگ بلائی تھی جس میں وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین شرکت کرنے والے تھے لیکن میٹنگ میں وزیراعظم نے شرکت نہیں کی جس پر کانگریس نے سوال اٹھائے ہیں۔ اجلاس کا ایجنڈا ان موضوعات پر بات کرنا تھا جنہیں اپوزیشن پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران بحث کے لیے پیش کرنا چاہے گی۔ All Party Meeting by Government
اس بار مانسون اجلاس خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس سیشن میں صدر جمہوریہ اور نائب صدر جمہوریہ کا انتخاب ہونے والا ہے۔ صدارتی انتخابات 18 جولائی کو ہوں گے جبکہ نائب صدر کا انتخابات 6 اگست کو ہوگا۔ موجودہ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کی میعاد 24 جولائی کو جبکہ نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو کی میعاد 10 اگست کو ختم ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ نائب صدر کے انتخاب کے لیے امیدوار کا فیصلہ کرنے کے لیے اپوزیشن بھی دن کے آخر میں اپنا اجلاس منعقد کرے گی۔ بی جے پی نے گزشتہ روز مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکھر کو این ڈی اے کی جانب سے نائب صدر جمہوریہ عہدے کا امیدوار بنایا ہے۔