پی اے جی ڈی کے ترجمان محمد یوسف تاریگامی نے پی اے جی ڈی اجلاس کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ (پی اے جی ڈی) وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات میں ستاروں کی مانگ نہیں کریں گے بلکہ جو چیز ان کی ہے اسی کا مطالبہ کریں گے۔
ہم وزیراعظم سے ستاروں کی فرمائش نہیں کریں گے: تاریگامی پی اے جی ڈی کے ترجمان اور سی پی آئی (ایم) کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے کہا کہ وہ وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران ستاروں کی فرمائش نہیں کریں گے۔ بلکہ 'ہم ایسی چیز کا مطالبہ کریں گے جو ہماری ہے اور جو ہماری رہے گی۔'
واضح رہے کہ نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبد اللہ نے منگل کے روز کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ آل پارٹی کی ملاقات کے لئے مدعو کئے گئے پی اے جی ڈی کے تمام ممبران اجلاس میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ دہلی جائیں گے اور جموں وکشمیر اور لداخ کے عوام کی نمائندگی کریں گے۔ ہم اجلاس میں جموں وکشمیر اور لداخ کے لوگوں کی امنگوں کو سامنے رکھیں گے۔ بھارتی آئین کے اندر جو بھی ممکن ہے وہی تلاش کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: دفعہ 370 کی بحالی ہمارا بنیادی ایجنڈا: فاروق عبداللہ
یاد رہے کہ گزشتہ دو ہفتوں سے وادی کشمیر میں کافی سیاسی گہما گمی دیکھی جارہی ہے جس میں خاص طور سے نیشنل کانفرنس کافی سرگرم ہے۔ جموں و کشمیر میں تقریباً دو برس کے بعد سیاسی سرگرمیاں نظر آ رہی ہیں اور گزشتہ دو ہفتوں سے یہاں کی دبی ہوئی مین اسٹریم سیاست دوبارہ زندہ ہوئی ہے۔
دراصل وزیر اعظم نریندر مودی 24 جون کو جموں و کشمیر کی سیاسی جماعتوں کے 14 اہم لیڈران سے سیاسی صورتحال کو بحال کرنے کے لیے دلی میں گفتگو کریں گے۔ اس گفتگو کی تیاریاں کرنے میں گزشتہ دو ہفتوں سے وادی کشمیر میں متعدد سیاسی سرگرمیاں دیکھی گئیں جس میں نیشنل کانفرنس اور پیپلز الائنس فار گپکار ڈکلریشن نے ملاقاتیں کی ہیں۔