وزیر اعظم نریندر مودی کی دوطرفہ ملاقاتوں کی کڑی میں دوسری میٹنگ امریکی نائب صدر کملا ہیرس کے ساتھ ہوئی جس میں وزیر اعظم نے کووڈ وبا میں امریکہ کے تعاون کے لئے شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعظم وائٹ ہاؤس پہنچے جہاں کملا ہیرس نے ان کا استقبال کیا۔ پہلے دونوں رہنماؤں نے اکیلے میں گفتگو کی اور پھر وفد کی سطح کے اجلاس میں شرکت کی۔ بھارتی وفد میں وزیر خارجہ ایس جئے شنکر، قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبال، خارجہ سیکرٹری ہرش وردھن شرنگلا، امریکہ میں بھارت کے سفیر ترنجیت سنگھ سندھو اور وزارت خارجہ میں جوائنٹ سیکرٹری ( امریکہ) وانی راؤ شامل تھے۔
میٹنگ سے قبل دونوں رہنماؤں نے مشترکہ طور پر میڈیا میں اپنے بیانات دئیے۔ وزیر اعظم نے کووڈ وبا کے دوران کملا ہیرس کی مدد کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ نائب صدر بننے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان کئی بار بات چیت ہوئی۔ ایک مرتبہ اس وقت بات چیت ہوئی تھی جب بھارت کووڈ وبا سے دوچار تھا۔
مزید پڑھیں:۔وزیر اعظم مودی کی وائٹ ہاؤس میں کملا ہیرس سے ملاقات