ریاستی گورنر بنواری لال پروہت نے راج بھون میں وزیراعلیٰ اور 33 کابینی وزراء کو بھی عہدہ اور رازداری حلف دلایا۔ 16ویں اسمبلی انتخابات میں زبردست جیت کے بعد، ڈی ایم کے، ریاست میں چھٹی مرتبہ نئی حکومت قائم کررہی ہے۔
یہ حکومت ایسے وقت قائم ہو رہی ہے کہ جب ریاست کو عالمی وبا پر قابو پانے کا چیلنج درپیش ہے۔ اسٹالن کے نئے وزیراعلیٰ بننے کے بعد ان سے کافی توقعات وابستہ ہیں۔ وہ حلف لینے کے فوراً بعد اہم فائلوں پر دستخط کریں گے اور وہ آج شام کابینہ میٹنگ کی بھی صدارت کریں گے۔
68 سالہ ایم کے اسٹالن نے اپنے والد ایم کروناندھی کے انتقال کے بعد 28 اگست 2018 کو پارٹی کی باگ ڈور سنبھالی تھی۔ وہ 2019 کے عام انتخابات اور 16 ویں اسمبلی کے الیکشن میں بھی پارٹی کو جیت دلانے میں کامیاب رہے۔
اسٹالن 1989 کے بعد سے پانچ مرتبہ تمل ناڈو اسمبلی کیلئے منتخب ہوچکے ہیں۔ انہوں نے 2009 میں ریاست کے پہلے نائب وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے بھی کام کیا۔ وہ 2001 میں چنئی کے میئر کے عہدے پر بھی فائز رہے۔ یہ ساتواں موقع ہے کہ ایم کے اسٹالن کولاتھر حلقے سے اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے ہیں۔