مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کی تیاریاں زروں پر ہیں۔ سیاسی جماعتیں ووٹرز کو اپنی طرف مائل کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ ترنمول کانگریس نے بھی اپنے انتخابی منشور میں دس اہم وعدے کیے ہیں۔ تاہم اس بار ترنمول کانگریس کے انتخابی منشور میں اقلیتوں کے حوالے کسی بھی فلاحی منصوبے کا ذکر نہیں ہے۔ جس پر سیاسی تجزیہ نگار و دیگر سیاسی جماعتوں کے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
اس سلسلے میں ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے متعدد مسلم تنظیموں و سیاسی تجزیہ نگاروں اور اپوزیشن کے لوگوں سے بات کی جنہوں نے اس پر مختلف طرح کے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
جماعت اسلامی مغربی بنگال کے صدر مولانا عبدالرفیق نے کہا کہ' انہوں نے ترنمول کانگریس کے انتخابی منشور کا تفصیلی مطالعہ نہیں کیا ہے۔ لیکن ترنمول کانگریس کے منشور میں اقلیتوں کے حوالے سے کسی منصوبے کا ذکر الگ سے نہیں کیا جو قابل تشویش ہے۔ فرقہ پرست طاقتیں ہمیشہ سے چاہتی ہیں کہ کوئی مسلمانوں کی بات نہ کریں اگر سیکولر پارٹیاں اس پر کار بند ہوتی ہیں تو یہ بالکل نامناسب ہے۔ ترنمول کانگریس نے اپنے منشور میں اقلیتوں کے حوالے سے بات نہیں کی اس پر ان کو غور کرنا چاہیے۔ جو بھی پسماندہ طبقات ہیں چاہے وہ او بی سی ہو ایس سی ایس ٹی ہو یا مسلمان، ان کی ترقی کی بات یونی چاہیے اور تمام سیاسی جماعتوں کے منشور میں اس حوالے سے منصوبہ ہونا چاہیے۔'
سیاسی تجزیہ نگار پروفیسر محمد ریاض کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ ترنمول کانگریس کے منشور کا دو حصہ ہے پہلے حصے میں دس برسوں کا کارکردگی پر بات کی گئی ہے تو دوسرے حصے میں آئندہ کے لیے وعدؤں کا ذکر ہے۔ ترنمول کانگریس نے اپنے منشور میں اقلیتوں کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی ہے۔ اس کی وجہ موجودہ سیاسی رجحان ہے۔ اکثریتی غالب آگئی ہے سیاسی جماعتیں اکثریت کو ناخوش نہیں کرنا چاہتی۔ ہندؤتوا کی سیاست کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کو چنڈی پاٹ کرنا پڑ رہا ہے۔ اور خود کو برہمن بتانا پڑ رہا ہے۔'
بنگال کی سیاست میں بھی ہندؤتوا حاوی ہو چکی ہے ترنمول کانگریس ہو یا کوئی اور ہرکوئی خود کو ہندو ثابت کرنے میں مصروف ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سیاسی جماعتوں کے منشور میں مسلمانوں کی فلاح و بہبودی کا ذکر نہیں ملتا۔ یہ صرف منشور کی بات نہیں ہے۔ یہ سلسلہ 2019 کے لوک سبھا الیکشن کے نتائج کے بعد شروع ہوا ہے نہ جلسوں میں اور نہ ہی کسی تقریب میں مسلمانوں کے حوالے سے کوئی ذکر کیا جا رہا ہے۔