نئی دہلی: مرکزی وزارت داخلہ پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) پر پابندی لگانے کے لئے تمام ثبوتوں کی جانچ کر رہی ہے اور انٹیلی جنس ایجنسیاں بھی اس پر کام کر رہی ہیں اور پابندی لگانے کے لیے درکار تمام ثبوتوں کی جانچ کر رہی ہیں۔ اس پیشرفت سے متعلق باخبر ذرائع نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ مرکزی داخلہ سکریٹری اجے کمار بھلا اور دیگر سینئر عہدیداروں نے پی ایف آئی کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کے کچھ دن بعد ہی اس معاملے پر قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال کے ساتھ بات چیت کی ہے۔MHA all set to impose ban on PFI, consultations underway
وزیر داخلہ امت شاہ کو بھی اس پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ "کوئی بھی حتمی فیصلہ لینے سے پہلے حکومت پابندی کے بعد کے اثرات سے بچنے کے لیے تمام قانونی آپشنز تلاش کر رہی ہے۔" ملک گیر چھاپے کے بعد پی ایف آئی کی سرگرمیوں سے متعلق بڑی تعداد میں دستاویزات اور ڈیجیٹل آلات مختلف مقامات سے ضبط کیے گئے ہیں اور این آئی اے اور ای ڈی جیسی خفیہ ایجنسیوں کو بھی وزارت داخلہ نے پی ایف آئی کے ضبط کیے گئے تمام گیجٹس کی جانچ کرنے کے لیے کہا ہے۔