شیلانگ: نیشنل پیپلز پارٹی (این پی پی) کے رہنما کونراڈ سنگما نے منگل کے روز دوسری بار میگھالیہ کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔ میگھالیہ کے گورنر پھاگو چوہان نے این پی پی کے سات دیگر ایم ایل ایز، دو یونائیٹڈ ڈیموکریٹک پارٹی (یو ڈی پی) اور ایک ایک بی جے پی اور ہل اسٹیٹ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (ایچ ایس پی ڈی پی) کو کابینہ کے ارکان کے طور حلف دلایا۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا اور آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے بھی شرکت کی۔
این پی پی کے پریسٹن ٹائنسانگ اور سنیابھالنگ دھار نے نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ وزراء کے طور پر حلف لینے والوں میں این پی پی کے مارکوس این ماراک، رککم اے سنگما، امپارین لنگڈوہ، کومنگون یامبن اور اے ٹی مونڈل، بی جے پی کے اے ایل ہیک، یو ڈی پی کے پال لنگڈوہ اور کرمین شیلا اور ایچ ایس پی ڈی پی کے شکلیار ورجاری شامل ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی آج سے شمال مشرق کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ میگھالیہ کے علاوہ وزیر اعظم مودی تریپورہ اور ناگالینڈ میں بھی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی آسام کابینہ کے ارکان کے ساتھ میٹنگ بھی کریں گے۔ شیلانگ میں حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے بعد پی ایم مودی کوہیما کے لیے روانہ ہوں گے اور ناگالینڈ کی نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔