مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ میئر بننے کے بعد سنیتا ورما نے ان کے علاقے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے علاقے کے لوگ بدحالی میں زندگی جینے کو مجبور ہیں۔
میرٹھ کے تھانہ لساڑی گیٹ علاقے کے وارڈ نمبر 36 کے ہمایوں نگر میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کوئی بھی ترقیاتی کام نہ ہونے اور علاقے میں صاف صفائی کا کوئی انتظام نہ کیے جانے سے ناراض مقامی لوگوں نے انوکھے انداز میں اپنا احتجاج درج کرایا۔ انہوں نے شہر کی میئر سونیتا ورما کے لاپتہ ہونے کے پوسٹر چسپاں کر کے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ 2017 کے انتخاب میں جیت حاصل کرنے کے بعد سے میئر نے ان کے علاقے میں قدم تک نہیں رکھا جس کی وجہ سے علاقے میں آج تک کوئی بھی ترقیاتی کام نہیں کیا جا سکا ہے۔ جبکہ میئر کا دعویٰ ہے کہ ان کے وارڈ میں دو کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی کام کیے گئے ہیں، جو کہیں بھی دکھائی نہیں دیتے۔ ایسے میں اب سماجی کارکن کے ساتھ ملکر مقامی لوگ اپنے وارڈ میں میئر سنیتا ورما کے گمشدہ ہونے کے پوسٹر چسپاں کر اپنی ناراضگی درج کرا رہے ہیں۔