لکھنئو: ممتاز عالم دین مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوری جی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں بی جے پی کا چہرہ بے نقاب کیا ہے۔ انہوں نے پورے ملک کو دکھا دیا ہے کہ ہم کون ہیں، ہماری تعلیم، ہماری تربیت، ہماری زبان اور اقلیتوں کے لیے ہماری سوچ کیا ہے؟ بی جے پی ایم پی رمیش بدھوری کی زبان نے ملک کو دکھایا ہے کہ ہم انسانی حقوق اور پارلیمنٹ کی کتنی پرواہ کرتے ہیں۔ مولانا نعمانی نے کہا کہ میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ جمہوریت کا مرکز کہلانے والی جگہ پر ایسی فحش اور گھٹیا زبان کا استعمال ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں پھر بھی بی جے پی ایم پی رمیش بدھوری کا شکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ ان کی تقریر سے پورے ملک کو معلوم ہو گیا ہے کہ آر ایس ایس اور بھاجپا کی تعلیم و تربیت کیا ہے؟ اب جمہوریت کے مرکز میں ایسی زبان استعمال کر کے آپ نے مسلمانوں کے خلاف ایک طرح سے لائسنس دے دیا ہے۔ مولانا نعمانی نے کہا کہ میں اپوزیشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اجتماعی طور پر ایوان سے معطلی اور اس گھناؤنے فعل کے مرتکب شخص پر تاحیات سیاسی پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔ بی ایس پی ایم پی کنور دانش علی کو استعفیٰ دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ اس شدت اور انتہا پسندی کا مقابلہ کریں۔ میں چاہتا ہوں کہ جن لوگوں نے آپ کو اپنا قیمتی ووٹ دے کر ایوان میں بھیجا تھا وہ اس بار دوگنا ووٹ دے کر ایوان میں بھیجیں گے۔