سپریم کورٹ نے جمعہ کو گورکھپور میں کانپور کے نوجوان تاجر منیش گپتا کی مشتبہ موت کے معاملے کو دہلی کی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی عدالت میں منتقل کرنے کا حکم دیا۔
جسٹس ڈی وائی چندر چوڈ اور جسٹس اے۔ ایس بوپنّا کی بنچ نے یہ حکم منیش کی بیوہ میناکشی گپتا کی عرضی پر دیا۔ درخواست میں اتر پردیش کے چھ پولیس اہلکاروں پر قتل کا الزام ہے۔ اس معاملے میں تشکیل دی گئی ایس آئی ٹی پر بھی لاپرواہی سے تحقیقات کرنے کا الزامات عائد کیے گئے تھے۔
ایڈوکیٹ آنند شنکر نے یو این آئی کو بتایا کہ میناکشی گپتا نے 20 اکتوبر کو عرضی دائرکی تھی۔ عرضی گذار نے ریاست کی ایس آئی ٹی تفتیش پر کئی سوالات اٹھائے اور منصفانہ تفتیش کے لیے سی بی آئی کو فوری طور پر تفتیش کا حکم دینے کی درخواست کی۔ اس کے علاوہ اس معاملے کی دہلی کی سی بی آئی عدالت میں سماعت کرنے کی درخواست بھی کی تھی۔