ملک کے دیگر حصوں کے مقابلے ریاست مہاراشٹر میں کورونا کے کیس زیادہ آ رہے ہیں۔ شہر پونے میں سات روز کا لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔ یہاں ضروری سروسیز کو جاری رکھا جائے گا۔ بار، ہوٹل اور ریسٹورینٹ اگلے حکم نامے تک بند رہیں گے۔ شام چھ بجے سے صبح چھ بجے تک رات کا کرفیو نافذ رہے گا۔ مہاراشٹر میں اس سے قبل رات کا کرفیو نافذ تھا۔
ممبئی سمیت مہاراشٹر میں کورونا وبا کے پھیلنے کے تعلق سے سرکاری سطح پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، امکان ہے کہ ریاستی حکومت جگہ جگہ علاقے میں وباء کی صورتحال کے پیش نظر الگ الگ طرح کی پابندیاں عائد کرے گی۔ وزیراعلی ادھوٹھاکرے نے کورونا سے نمٹنے کے منصوبہ بندی کے لیے ایک ہنگامہ میٹنگ طلب کی ہے۔
مہاراشٹر کے شہر پونے میں کورونا وائرس (کووڈ۔19) کے معاملات میں تیزی سے اضافہ کے مدنظر حکومت نے سات دن کیلئے شام چھ بجے سے صبح چھ بجے تک کے لئے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔
اس سے پہلے پونے میں رات آٹھ بجے سے صبح سات بجے تک کرفیو نافذ کیا گیا تھا جس کا وقت تبدیل کرکے شام چھ بجے سے صبح چھ بجے تک کردیا گیا۔
مہاراشٹر کے نائب وزیراعلی اجیت پوار کی صدارت میں جمعہ کو کووڈ۔19کی جائزہ میٹنگ کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ ریستوراں، بار، مال اور مذہبی مقامات کو سات دنوں کے لئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنے ڈویز ن کے کمشنر سوربھ راو نے آج یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ ریستورانوں کو رات دس بجے تک فوڈ پارسل اور ڈلیوری سروس دینے کی اجازت دی جائے گی۔ ابھی پورے مہاراشٹر میں رات آٹھ بجے سے صبح سات بجے تک کرفیو جاری ہے۔
مسٹر راو نے کہاکہ شادی اور آخری رسومات کو چھوڑ کر کسی بھی سماجی، ثقافتی یا سیاسی پروگرام کوآئندہ سات دنوں تک نہیں ہونے دیاجائے گا۔ آخری رسومات کیلئے زیادہ سے زیادہ 20لوگوں کو اجازت دی جائے گی اور شادی کے لئے پچاس لوگوں کو شامل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔