جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سیاحتی مقام پہلگام میں جواہر انسٹی ٹیوٹ آف ماؤنٹینیئرنگ اینڈ ونٹر اسپورٹس میں بریگیڈیئر ایس ایس کاہلون مصنوعی کلائمبنگ وال کا افتتاح کیا۔
ایل جی نے مصنوعی کلائمبنگ وال کا افتتاح کیا شمالی بھارت میں آئی ایف ایس سی معیاری اسپورٹس کلائمبنگ وال بنانے کے لیے پہلا ادارہ بننے پر جواہر انسٹی ٹیوٹ آف ماؤنٹینیئرنگ اینڈ ونٹر اسپورٹس کو لیفٹیننٹ گورنر نے مبارکباد پیش کی۔
ایل جی نے کہا کہ اسپورٹ کلائمبنگ وال کی تعمیر سے تربیتی معیار میں ایک نئی جہت کا اضافہ ہوا ہے اور اس سے خطے میں ایڈونچر ٹورازم کو فروغ ملے گا۔ وہیں اس میں دیگر ریاستوں سے آنے والے کھلاڑیوں کو تربیت دینے کے لیے کافی انتظامات ہوں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ انتظامیہ جموں و کشمیر میں کھیلوں کی مختلف سرگرمیوں کو مسلسل فروغ دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوٹی انتظامیہ نے نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب کے لیے ایوری ڈے اسپورٹس اور اسپورٹس فار آل مہم شروع کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوٹی انتظامیہ رواں سال کم از کم 17 لاکھ نوجوانوں کو مختلف کھیلوں سے جوڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں:۔اننت ناگ: اسٹیٹ لیول اسپورٹس ورکشاپ کا اہتمام
ضلع کولگام کے محفوظ الٰہی حجام اور کپواڑہ سے تعلق رکھنے والے محمد اقبال خان کے کارنامہ کا ذکر کرتے ہوئے ایل جی نے کہا کہ انہوں نے ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کر کے تاریخ رقم کی، ان کے جرات مندانہ قدم نے پورے جموں و کشمیر کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے اور یہ قدم یوٹی کے نوجوانوں کو کوہ پیمائی اور سرمائی کھیلوں کی جانب راغب کرے گا۔
رواں برس فروری میں گلمرگ میں منعقدہ سرمائی کھیلوں کا ذکر کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ سرمائی کھیلوں کا اگلا ایڈیشن جوش و خروش کے ساتھ منعقد کیا جائے گا، جس سے باصلاحیت کھلاڑیوں کو سرمائی کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ملے گا۔
ماحولیاتی تحفظ میں نمایاں کام کرنے پر کوہ پیماؤں کی تعریف کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے انسٹی ٹیوٹ پر زور دیا کہ وہ لوگوں میں شعور بیدار کریں تاکہ ماحولیات کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
25 اکتوبر کو منائے گئے ادارے کے 38 ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنی مبارکباد کا اظہار کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے پرنسپل، عملے اور کوہ پیماؤں کو قوم کی تعمیر میں ان کے تعاون اور کردار کے لیے مبارکباد دی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کھیلوں اور برف کے سامان کے مختلف اسٹالز کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ کے کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے برفباری والے علاقوں میں ہنگامی صورتحال کے دوران طبی خدمات میں ضلع انتظامیہ کی مدد کرنے میں ادارے کے کردار کی بھی تعریف کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے بے وقت بارش اور برف باری سے کسانوں اور سیب کاشتکاروں کو ہونے والے نقصانات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اسے قدرتی آفت قرار دیا ہے اور جلد ہی تمام مستحق کسانوں میں امدادی رقم تقسیم کی جائے گی۔