زیادہ تر لوگوں نے ٹرین میں سفر کیا ہے۔ طویل سفر کے لیے ہم اکثر ٹرین کے سفر کو ہی ترجیح دیتے ہیں۔ ٹرین کے سفر کے دوران کئی بار ہمیں اس کا ہارن سُنائی دیتا ہے۔ آپ نے شاید دھیان نہیں دیا ہو لیکن سبھی ہارن الگ الگ ہوتے ہیں اور ان کے سگنل بھی الگ الگ رہتے ہیں۔ ایسے میں یہ سمجھنا بہت مشکل ہوتا ہے کہ بھارتی ریل میں کس ہارن کا کیا مطلب ہے؟
ڈرائیور جب ایک چھوٹا سا ہارن دے تو یہ پیچھے کے گارڈ کو تیار رہنے کا اشارہ ہوتا ہے جب کہ گارڈ بھی چھوٹا ہارن دے کر بتاتا ہے کہ وہ تیار ہے۔
دو چھوٹے ہارن کا مطلب ہے کہ ٹرین مین لائن پر کھڑی ہے اور گارڈ سگنل مانگ رہا ہے تاکہ اسٹیشن ماسٹر کو پتہ چل جائے اور ٹرین کو روانہ کیا جاسکے۔
تین چھوٹے ہارن خطرے کا اشارہ ہوتے ہیں۔ ڈرائیور گارڈ کو بریک لگانے کا سگنل دیتا ہے کیونکہ ٹرین کنٹرول سے باہر ہے یا انجن میں خرابی آئی ہے۔