ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے صدر شرد پوار نے ہفتہ کے روز کہا کہ کرناٹک کے عوام نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی پیسے، ذات پات اور مذہب کی سیاست کو کلی طور پر مسترد کر دیا ہے اور 2024 میں ایسے ہی نتائج لوک سبھا انتخابات میں بھی نظر آئیں گے۔کرناٹک اسمبلی انتخابات کے نتائج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پوار نے کہا کہ جنوبی ہندوستان کی ریاست کے عوام نے بی جے پی کو سخت سبق سکھایا ہے اور اقتدار کی باگ ڈور کانگریس کو سونپ دی ہے۔
انہوں نے کہا، 'وہاں بی جے پی کے اقتدار میں ہونے کے باوجود، حکومت ہند سے وابستہ تمام بڑے لوگ اور پارٹی کے سینئر لیڈر انتخابی مہم کے لیے وہاں گئے تھے۔ہمیں یہ یقین تھا کہ ان کے ذریعہ استعمال ہونے والا پیسہ ان کے خلاف جائے گا اور ایسا ہی ہوا۔' کانگریس کی تعریف کرتے ہوئے، این سی پی کے سربراہ نے کہا کہ ملک کی سب سے پرانی پارٹی بی جے پی کے مقابلے میں دوگنی سیٹیں حاصل کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا، 'یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ کرناٹک کے لوگوں نے بی جے پی کو مکمل طور پر شکست دینے کا اپنا ذہن بنا لیا تھا طاقت اور سرکاری وسائل کے بے دریغ استعمال پر سخت مینڈیٹ سامنے آیا ہے۔