بنگلورو: کرناٹک میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے سربراہ نلین کمار کتیل نے ایک دفعہ پھر میسور کے 18ویں صدی کے حکمران ٹیپو سلطان کے بارے میں اشتعال انگیز تبصرہ کیا ہے۔ بی جے پی رہنما نے بدھ کو ایک عوامی جلسے میں کہا کہ ٹیپو سلطان کے تمام پرجوش حامیوں کو زندہ نہیں رہنا چاہیے بلکہ ٹیپو سلطان کی اولادوں کو بھگا کر جنگلوں میں بھیج دینا چاہیے۔ نلین کمار کتیل نے جلسہ عام کے دوران مزید کہا کہ ہم بھگوان رام اور ہنومان کے بھکت ہیں، ہم ٹیپو سلطان کی اولاد نہیں ہیں۔ ہم نے ٹیپو کی اولاد کو واپس بھیج دیا ہے تو میں یلابرگہ کے لوگوں سے پوچھتا ہوں، کیا وہ ہنومان کی پوجا کریں گے یا ٹیپو سلطان کے بھجن گائیں گے؟
کتیل نے کہا، 'ریاست کے لوگوں کو سوچنا چاہیے کہ وہ بھگوان رام اور ہنومان کے بھکتوں کو چاہتے ہیں یا ٹیپو کی اولادوں کو۔ میں بھگوان ہنومان کی سرزمین سے چیلنج کرتا ہوں کہ ٹیپو سے محبت کرنے والوں کو یہاں نہیں رہنا چاہئے۔ جو بھگوان رام کے بھجن گاتے ہیں اور بھگوان ہنومان کے حامی ہیں انہیں صرف یہاں رہنا چاہئے۔