قومی، ریاستی اور مقامی سطح پر جماعت اسلامی کے کارکنان مضبوط خاندان مضبوط سماج مہم کی کامیابی اور سماج میں بیداری لانے کے سلسلے میں اپنی خدمات انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ جماعت کا پورا کیڈر اس کے لئے کام کرے گا۔
جماعت اسلامی ہند کا کہنا ہے کہ خواتین کے ساتھ زبانی، جسمانی، جنسی اور نفسیاتی تشدد اور بدسلوکی کے واقعات انتہائی عام ہوتے جارہے ہیں۔ ہمارے بچوں، نوجوانوں اور بزرگ شہریوں کو بھی طرح طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ نوجوان آج شادی اور خاندانی زندگی کی ذمہ داریوں سے دور رہنا چاہتے ہیں۔ وہ خاندان کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کررہے ہیں۔ لیو ان ریلیشن شپ کے بڑھتے ہوئے رجحانات، ہم جنس پرستی، اسقاط حمل کے ساتھ ساتھ کنبہ اور معاشرے کے تمام ویلیو سسٹم کے خلاف ورچوئل بغاوت ایک متحرک معاشرے کی صحت کے لئے واضح خطرہ ہے۔ کنبے کی بنیادی حیثیت کی بحالی اور اس مقصد کے لئے مناسب سمت اور تعاون فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
جماعت اسلامی ہند کا ماننا ہے کہ خاندان معاشرے کا بنیادی ستون اور تہذیب کی اساس ہے۔ ہر معاشرے کی اس بنیادی معاشرتی اکائی کو موجودہ معاشرتی منظر نامہ کے پیش نظر کمزور اور تباہ ہونے کا خطرہ لاحق ہے۔
جماعت اسلامی ہند کا شعبہ خواتین گھر اور خاندان کو مضبوط بنانے کے بارے میں شعور بیدار کرنے، لوگوں کو شادی کے ادارے سے باہر خوشی کے حصول کی خطرناک اثرات سے آگاہ کرنے، دوسروں کے حقوق کا احترام اور تحفظ اور مشترکہ خاندانی اقدار کی پامالی کے خطرات سے آگاہ کرنے کے لئے یہ مہم چلا رہی ہے۔ ثقافت، اخلاقی اقدار میں بگاڑ مذہب کی وجہ سے نہیں بلکہ اسے ترک کرنے کی وجہ سے ہے۔
جماعت اسلامی ہند کا خیال ہے کہ مسلم معاشرے کے ساتھ ساتھ دیگر سماج تک پہنچنا وقت کی ضرورت ہے۔ ہمارے پاس نچلی سطح کے پروگرامز کے ساتھ ساتھ کچھ ریاستی سطح اور قومی سطح کے پروگرام ہیں۔ ہم کارنر میٹنگز، فیملی کونسلنگ، فیملی کوئز اور بین المذاہب مکالمے منعقد کریں گے۔ ہمارے کچھ پروگرام بین الاقوامی ویبینار کی شکل میں اور ماہرین کے ساتھ روزانہ آن لائن انٹریکٹو سیشن کی شکل میں بھی ہوں گے۔
اس موضوع کی طرف اپنی توجہ مبذول کروانے کے لئے کمیونٹی رہنماؤں، مساجد کے اماموں اور مختلف مذہبی اسکالرز کو خطوط ارسال کیے جائیں گے۔ ہم مہم کے ایک حصے کے طور پر ماہرین تعلیم، خاندانی مشیروں اور وکلاء سے رجوع کریں گے۔
جماعت اسلامی ہند ملک گیر پیمانے پر 'مضبوط خاندان مضبوط سماج' مہم کے تناظر میں شعبہ خواتین کی سکریٹری ساجدہ پروین نے بتایا کہ گھر اور خاندان کو مضبوط بنانے کے لئے شعور بیدار کرنے، لوگوں کو شادی کے ادارے سے باہر خوشی کے حصول کی خطرناک اثرات سے آگاہ کرنے، دوسروں کے حقوق کا احترام اور تحفظ نیز مشترکہ خاندانی اقدار کی پامالی کے خطرات سے آگاہ کرنے کے لئے یہ مہم چلائی جارہی ہے۔ ثقافت،اخلاقی اقدار میں بگاڑ مذہب کی وجہ سے نہیں بلکہ اسے ترک کرنے کی وجہ سے ہے۔'