انڈو تبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) نے 10ویں آل انڈیا پولیس تیر اندازی چیمپئن شپ میں مردوں و خواتین دونوں زمروں میں 18 گولڈ میڈل جیت کر مجموعی چیمپئن شپ جیت لی ہے۔ اس کے ساتھ ہی راجستھان پولیس 6 گولڈ میڈلز کے ساتھ دوسرے اور مہاراشٹر پولس چار گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔ خصوصی ڈائریکٹر آئی بی سنیل کمار بنسل نے گریٹر نوئیڈا میں 39 ویں بٹالین آئی ٹی بی پی کیمپس میں چیمپئن شپ کے اختتام پر فاتحین کو ٹرافی پیش کیں۔
مرکزی مسلح پولیس فورسز، ریاستی پولیس فورسز اور مرکزی پولیس تنظیموں کی کل 24 ٹیموں نے آل انڈیا پولیس تیر اندازی چیمپئن شپ میں حصہ لیا۔ پانچ روزہ چیمپئن شپ میں 371 سے زائد مرد و خواتین تیر اندازوں نے تیر اندازی کے مختلف زمروں میں حصہ لیا۔ یہ پہلا موقع ہے جب آئی ٹی بی پی نے آل انڈیا تیر اندازی چمپئن شپ کی مجموعی چمپئن شپ کے دونوں زمرے جیتے ہیں۔ آئی ٹی بی پی کانسٹیبل نیرج چوہان اور دیپتی کماری کو بالترتیب چیمپئن شپ کے بہترین مرد و خاتون تیر انداز قرار دیا گیا جنہوں نے ریکرو مقابلوں میں حصہ لیا۔