وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے نئی دہلی میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’’کورونا وائرس کے سبب معیشت متاثر ہوئی تھی، لیکن اب یہ دوبارہ پٹری پر آ رہی ہے۔ تمام بڑے معاشی اشاریے سے ایسے ثبوت مل رہے ہیں۔ خوردہ مہنگائی 6 فیصد سے نیچے آ گئی ہے اور بجلی کی کھپت میں اضافہ ہوا ہے۔ مینوفیکچرنگ کی سرگرمیاں شروع ہو چکی ہیں۔‘‘
کورونا وائرس کی وجہ سے متاثر ہونے والی ڈیمانڈ کو تیز کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ اس کے لیے پہلے ہی انتظامات کر لیے گئے ہیں۔ چھوٹے شہروں کے تاجروں کو ڈیڑھ لاکھ روپے تک آسان قرض دینے کے اقدامات کیے گئے ہیں جس سے ڈیمانڈ بڑھانے میں مدد مل رہی ہے۔
کاروبار میں آسانی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ریاستوں نے اس رفتار سے کام نہیں کیا جس رفتار کے ساتھ مرکزی حکومت نے اس سمت میں کام کیا ہے، جس کی وجہ سے ٹارگٹڈ نتائج حاصل کرنے میں کچھ مشکلات کا سامنا ہے۔
مزید پڑھیں: جولائی میں تھوک مہنگائی میں زبردست اضافہ