سرکاری اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ، ماریشس، سنگاپور، روس، متحدہ عرب امارات، آئرلینڈ، رومانیہ، امریکہ، تھائی لینڈ، جرمنی، فرانس، بیلجیم اور اٹلی سے امدادی سامان آیا ہے۔ روس سے تقریبا ڈیڑھ لاکھ اسپوتنک-5 ویکسین بھیجی گئی ہیں۔
یہ امدادی سامان 27 اپریل سے اتوار 2 مئی تک موصول ہوئے ہيں۔ اس کے علاوہ 80 ٹن مائع میڈیکل آکسیجن سعودی عرب سے سمندر کے راستے سے آرہی ہے۔ فرانس نے ہندوستان کو اسپتال میں آکسیجن تیار کرنے والے 8 جدید ترین پلانٹ فراہم کیے ہیں۔ یہ آٹھ آکسیجن جنریٹر آٹھ اسپتالوں کو دس سال سے زیادہ عرصہ تک مسلسل آکسیجن فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہيں۔
حکومت نے پہلے ہی آٹھ اسپتالوں کی نشاندہی کر لی ہے جہاں یہ پلانٹ ترجیح اور ضرورت کی بنیاد پر لگائے جائیں گے۔ ان میں سے کم از کم چار اسپتال دہلی سے ہیں۔ اس سے کئی اہم مقامات پر آکسیجن کی فراہمی میں راحت ملے گی۔