نئی دہلی: تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے جاری معاہدہ کو برقرار رکھتے ہوئے بھارت اور پاکستان نے پیر کو اپنی اپنی جوہری تنصیبات کی فہرست کا تبادلہ کیا۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی ایٹمی تنصیبات پر حملہ کرنے سے روکتا ہے۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ فہرست کا تبادلہ جوہری تنصیبات پر حملوں کی روک تھام کے معاہدے کے تحت کیا گیا۔
واضح رہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جوہری تنصیبات اور سہولیات کی فہرست کا سالانہ تبادلہ آج یعنی یکم جنوری کو نئی دہلی اور اسلام آباد میں سفارتی چینلوں کے ذریعے ایک ساتھ عمل میں آیا۔ اس معاہدے پر 31 دسمبر 1988 کو دستخط ہوئے اور 27 جنوری 1991 کو نافذ العمل ہوا۔ معاہدے کے تحت دونوں ممالک ہر سال پہلی جنوری کو ایک دوسرے کو اپنی جوہری تنصیبات کے بارے میں مطلع کرنے کی شرط رکھتے ہیں۔