یوم خواتین کے موقع پر آج شہر عظیم آباد میں واقع خدا بخش لائبریری میں "پائیدار کل کے لیے صنفی مساوات، وقت کا تقاضا" کے موضوع پر مذاکرہ کا اہتمام ہوا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے نیشنل لاء یونیورسٹی پٹنہ کی وائس چانسلر جسٹس مریدولا مشرا شریک ہوئیں اور موجودہ حالات کے تناظر و صنفی مساوات کے تعلق سے پرمغز گفتگو کی۔
جسٹس مشرا نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خواتین کسی بھی معاشرے کی ریڑھ ہیں، آج اگر پوری دنیا پر ترقی یافتہ ممالک کا راج ہے تو اس کی سب سے بڑی وجہ ہے کہ وہاں کے معاشرے میں سبھی کو برابری کا درجہ حاصل ہے، وہاں صنفی مساوات ہے، خواتین مردوں کے کندھے سے کندھے ملا کر ملک اور معاشرے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی ہیں۔ آج بھارت کی خواتین بھی یہی چاہتی ہے کہ وہ بغیر کسی روک ٹوک کے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرے، اس کے لیے معاشرے کے ترقی پذیر طبقے کو آگے آنا ہوگا۔ اپنے بیٹوں کی طرح بیٹیوں کو بھی اچھی تعلیم دینی ہوگی۔ حالانکہ تعلیم کے تئیں لوگ بیدار ہوئے ہیں مگر بہار میں آج بھی کئی علاقے ایسے ہیں جہاں ناخواندگی کی شرح 80 سے 90 فیصد ہے، ہمیں تحریکی شکل میں لوگوں کو بیدار کرنا ہوگا۔
عالمی یوم خواتین کے موقع پر آج میرٹھ میں بھی ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ یہ پروگرام مسلم خواتین کی سماجی تنظیم بزم خواتین کی جانب سے ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کا اہتمام کیا گیا، جس میں تنظیم کی اراکین نے شرکت کی۔ اس موقع پر تنظیم کی جانب سے کی جا رہی بے سہارا خواتین کے علاوہ تعلیم سے محروم لڑکیوں کو اعلیٰ تعلیم دینے کے لیے ہر ممکن مدد پہنچانے کی بات کہی گئی۔