سپریم کورٹ نے ملک بھر میں سنسنی پھیلانے والے وٹرنری ڈاکٹر کی اجتماعی عصمت دری کے ملزمین کی انکاونٹر میں ہلاکت کے واقعہ کی جانچ کرنے والے عدالت عظمی کے سابق جج جسٹس وی ایس سرپورکر کی زیرقیادت تین رکنی کمیشن کو مزید 6ماہ کی مہلت دی ہے تاکہ اس معاملہ کی حتمی رپورٹ پیش کی جاسکے۔
حیدرآباد میں اس وٹرنری ڈاکٹر کی عصمت دری کے بعد اس کو زندہ جلادیاگیا تھا۔بعد ازاں اس واقعہ کے ملزمین پولیس انکاونٹر میں ہلاک ہوگئے تھے۔
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس این وی رمنا کی زیرقیادت بنچ نے جانچ پینل کی طرف سے رجوع ہونے والے وکلا سے پوچھا کہ اس معاملہ کی جانچ کے لئے کتنا وقت درکار ہوگا؟بنچ نے اترپردیش میں گینگسٹروکاس دوبے کی انکاونٹر میں ہلاکت کی جانچ کے لئے اسی طرح کے پینل کا حوالہ دیااور کہا کہ اس پینل نے پہلے ہی رپورٹ داخل کردی ہے۔