جموں:جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں میں سیکورٹی بندوبست کو مزید سخت کردیا گیا ہے تاکہ ملی ٹینٹوں کے کسی بھی منصوبے کو ناکام بنایا جاسکے۔ معلوم ہوا ہے کہ جموں کے نروال علاقے میں دو دھماکوں کے بعد جموں صوبے میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا تاکہ امکانی حملوں کو رونما ہونے سے پہلے ہی ٹالا جاسکے۔
اطلاعات کے مطابق ہفتے کے روز جموں شہر میں جگہ جگہ سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لاکر راہگیروں اور مسافروں کے شناختی کارڈ باریک بینی سے چیک کئے جارہے تھے۔ جموں کے مختلف حصوں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق شہر میں جگہ جگہ عارضی ناکے لگائے گئے ہیں جہاں مسافروں اور نجی گاڑیوں کو روک کر ان کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ نروال جموں میں یکے بعد دیگرے دو دھماکوں کے بعد جموں شہر میں سیکورٹی الرٹ جاری کیا گیا۔
ذرائع نے مزید کہاکہ حساس عمارتوں ، فوجی تنصیبات اور پولیس اسٹیشنوں کے اردگرد اضافی نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ نروال میں ہوئے دو دھماکوں کے بعد فارینسک کی ٹیم نے جائے وقوع کا معائنہ کیا اور وہاں سے اہم ثبوت اکھٹا کئے۔ انہوں نے کہا کہ آس پاس علاقوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی کھنگالا جا رہا ہے تاکہ مشتبہ افراد کو تلاش کرکے اُنہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا جاسکے۔ ذرائع نے بتایا کہ جموں شہر میں ناکوں کا جال بچھایا گیا ہے اور کسی بھی گاڑی کو بغیر تلاشی آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔