ویلنگٹن:انگلینڈ کے بلے باز بروک نے اپنا صرف چھٹا ٹیسٹ کھیلتے ہوئے کیوی بالنگ کی دھجیاں اڑاتے ہوئے 169 گیندوں پر 24 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 184 رنز بنائے جبکہ روٹ نے 182 گیندوں پر صرف سات چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 101 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی اور صرف 21 رنز پر تین وکٹیں گنوا دیں۔ میٹ ہنری نے اوپنرز زیک کرولی (02) اور اولی پوپ (10) کو آؤٹ کیا، جب کہ ٹم ساؤتھی نے بین ڈکٹ (09) کو پویلین بھیجا۔
نیوزی لینڈ اس مرحلے تک میچ پر حاوی تھا لیکن بروک نے بلیک کیپس کی بولنگ کا مذاق بنا کر رکھ دیاْ۔ انہوں نے روٹ کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 294 رنز کی ناٹ آؤٹ شراکت داری کرتے ہوئے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی چوتھی سنچری اسکور کی جس کے بعد بارش نے زمین پر دستک دی۔