احمد آباد: کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو سورت کی سیشن عدالت نے ہتک عزت کے ایک مقدمے میں دو سال کی سزا سنائی ہے۔ راہل گاندھی نے سورت کی عدالت کے فیصلے کو گجرات ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ اس سلسلے میں کانگریس کی قانونی ٹیم نے منگل کو ہائی کورٹ میں نظرثانی کی درخواست دائر کی۔ اس کے ساتھ ہی راہل کے وکیل پنکج چپنیری نے اس معاملے میں فوری سماعت کی مانگ کی تھی، جسے عدالت نے قبول کر لیا ہے۔ کیس کی سماعت 27 یا 28 اپریل کو ہو سکتی ہے۔
بتا دیں کہ معاملہ جسٹس گیتا گوپی کی عدالت میں پہنچا۔ اس پر انہوں نے دلیل سننے سے انکار کر دیا۔ اب قائم مقام چیف جسٹس اے جے دیسائی فیصلہ کریں گے کہ اس درخواست کی سماعت کون کرے گا۔ اس سے قبل منگل کو ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی، جس پر بدھ کی صبح درخواست پر فوری سماعت کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔