نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے گجرات اسمبلی انتخابات کے لیے آج اپنے 160 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی جس میں 91 چہرے نئے ہیں۔ وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل گھاٹلوڈیا سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر بھوپیندر یادو، مرکزی وزیر منسکھ مانڈویہ، پارٹی جنرل سکریٹری ترون چگھ اور ریاستی بی جے پی صدر سی آر پاٹل نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں یہ فہرست جاری کی۔Gujarat Assembly Polls 2022:
بدھ کو پارٹی کی مرکزی الیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں ان ناموں کی منظوری دی گئی۔ بی جے پی صدر جگت پرکاش نڈا نے وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں اس میٹنگ کی صدارت کی۔ اس میٹنگ میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر داخلہ امت شاہ اور دیگر اراکین موجود تھے۔
پارٹی کی پہلی فہرست جاری ہونے سے پہلے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی اور سابق نائب وزیر اعلیٰ نتن پٹیل نے الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کیا ہے۔
بھوپیندر یادو نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ پہلے مرحلے کے لیے 84 اور دوسرے مرحلے کے لیے 76 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان میں سے 13 درج فہرست ذات، 24 درج فہرست قبائل اور 14 خواتین امیدوار ہیں۔