بہار میں پنچایت انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد سے ہی گاؤں دیہات میں انتخابی سرگرمیاں جاری ہیں۔ گیا میں کل دس مرحلے میں انتخاب ہونگے، جن میں پہلے مرحلے کے لیے 24 ستمبر کو بیلاگنج و خضر سرائے بلاکس میں ووٹنگ ہوگی اور اس کے دو دنوں بعد ووٹوں کی گنتی بھی ہوگی۔
گیا میں کل چوبیس بلاک ہیں، جن میں ضلع پریشد کی کل 46 سیٹیں ہیں۔ ایک بلاک پریا بلاک میں نو پنچایتوں پر ایک ضلع پریشد کی سیٹ ہے جبکہ بیلاگنج بلاک میں تین اور بقیہ سبھی بلاکس میں ضلع پریشد دو حصوں میں تقسیم ہے اور ہر بلاک میں دو سیٹیں ہیں۔ گزشتہ پنچایت انتخابات کے دوران 46 سیٹوں میں صرف تین سیٹیں ایسی تھیں، جہاں سے مسلم امیدوار جیت درج کر کے ضلع کی سرکار اور سیاست میں آئے تھے۔ ان میں بارہ چٹی کے ایک حصے سے عمیر احمد خان، بانکے بازار سے ایوب خان اور ڈومریا سے رضوان خان ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ضلع گیا میں دس سیٹیں ایسی ہیں جہاں سے مسلم امیدوار جیت درج کرکے ضلع کی سرکار میں شامل ہوسکتے ہیں اور ان سبھی سیٹوں پر تیس سے پچاس فیصد مسلم ووٹرز ہیں لیکن ایسا ہوتا نہیں ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ چونکہ گاؤں اور دیہات کا سیدھے طور پر اس انتخاب سے تعلق ہوتا ہے، جہاں مقامی سیاست حاوی ہوتی ہے۔ ماضی میں بھی ضلع میں تین سے پانچ سیٹوں پر ہی ضلع پریشد کے رکن کے طور پر امیدوار جیت کر آئے ہیں۔