نئی دہلی: جی ٹوئنٹی سربراہی کانفرنس کے لیے دہلی پوری طرح سے تیار ہے۔ یہ اجلاس 9 اور 10 ستمبر کو دارالحکومت میں منعقد ہو رہا۔ اسی وجہ سے دارالحکومت دہلی کو شاندار طریقے سے سجایا گیا ہے۔ سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے عالمی رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ وہیں صدر دروپدی مرمو نے ہفتہ 9 ستمبر کو غیر ملکی سربراہان مملکت کے استقبال کے لیے ایک عشائیہ کا اہتمام کیا ہے۔ جس میں صدر مرمو نے تمام لیڈروں کو جی 20 ڈنر کے لیے دعوت نامے بھی بھیجے ہیں۔ ڈنر میں موجودہ کابینہ، غیر ملکی نمائندے ارکان پارلیمنٹ اور وزراء کے علاوہ ملک کے کچھ سابق سینئر لیڈر بھی شرکت کریں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق وزرائے اعظم منموہن سنگھ اور ایچ ڈی دیوے گوڑا کو بھی جی-20 عشائیہ میں شرکت کے لیے دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔ ان کے علاوہ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کو بھی عشائیہ میں مدعو کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اپوزیشن کے کچھ وزرائے اعلیٰ جیسے نتیش کمار، ہیمنت سورین، ممتا بنرجی، اسٹالن، اروند کیجریوال، بھگونت مان نے راشٹرپتی بھون میں ہونے والے عشائیے میں شرکت کی تصدیق بھی کی ہے۔ لیکن کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے کو دعوت نامے نہیں بھیجے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ کسی بھی سیاسی جماعت کے رہنما کو مدعو نہیں کیا گیا۔