سابق چیف الیکشن کمشنر او پی راوت نے ای ٹی وی بھارت کے ریجنل نیوز کوآرڈینیٹر سچن شرما سے کورونا بحران میں منعقد ہونے والے انتخابات کے تناظر میں الیکشن کمیشن کی تیاریوں اور درپیش چیلنجوں سے متعلق اہم نکات پر خصوصی بات چیت کی۔
او پی راوت نے کہا کہ کووڈ 19 کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے بہار انتخابات سے قبل تمام سیاسی جماعتوں سے تبادلہ خیال کیا تھا اور کورونا کے دوران نامزدگی کے عمل، انتخابی مہم اور ووٹنگ کے عمل سے متعلق ہدایات جاری کیں۔
الیکشن کمیشن نے کورونا دور میں سماجی دوری کو دیکھتے ہوئے ہر پولنگ اسٹیشن پر ایک ہزار سے کم ووٹرز کر دئیے تھے، جس کی وجہ سے پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ بہار انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن نے کووڈ قوانین پر سختی سے عمل آوری کی۔ اسی دوران مغربی بنگال، کیرالہ، تمل ناڈو، آسام، پڈوچیری کے آئندہ انخابات میں بھی یہی عمل اپنایا جائے گا۔
مرکزی الیکشن کمیشن، ریاستی الیکشن کمیشن اور ریاستی عہدیداروں کے مابین کوآرڈینیشن کے بارے میں او پی راوت نے کہا کہ بھارت کا الیکشن کمیشن آئین کے آرٹیکل 324 کے تحت بنایا گیا ہے۔ وہیں ریاستی الیکشن کمیشن کی تشکیل ترمیم کے بہت بعد ہوئی۔ دونوں مختلف طریقے سے کام کرتے ہیں۔