پونچھ: جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں موسلادھار بارش کے بعد دریائے پلست سمیت دیگر ندی نالوں میں طغیانی کی وجہ سے مختلف مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے اور مقامی لوگ زیر آب علاقوں میں پھنس گئے ہیں۔ متاثرہ افراد کو رسکیو کرنے کے لیے فوج، پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں نے آپریشن شروع کیا اور جمعرات کو مختلف مقامات سے 35 افراد کو نکالنے میں سیکیورٹی فورسز کو کامیابی ملی، جب کہ فوج نے جمعہ کو دوسرے دن کی اولین ساعتوں میں پھنسے پانچ خاندانوں کے 30 شہریوں کو نکالنے کے لیے آپریشن شروع کیا۔
پونچھ میں سیلابی صورتحال، 30 لوگوں کو ریسکیو کیا گیا مزید پڑھیں:
Flash Flood in Poonch: پونچھ میں سیلاب، پھنسے ہوئے افراد کیلئے ریسکیو آپریشن جاری
چانڈک بیلہ میں پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں نے راحت و بچاؤ آپریشن شروع کیا اور فوج کی کشتیوں کی مدد سے ریسکیو ٹیموں نے دریا میں پھنسے لوگوں کو باہر نکالا۔ تقریباً چھ گھنٹے تک جاری رہنے والے ریسکیو آپریشن میں 15 بچوں، 10 خواتین سمیت 30 افراد باہر نکالنے میں کامیابی حاصل کی۔
ڈپٹی ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمشنر پونچھ ڈاکٹر بشارت حسین نے بتایا کہ اچانک سیلاب کی وجہ سے چانڈک بیلہ میں چھ خاندانوں کے افراد دریائے پلست میں پھنس گئے، جنہیں نکالنے کے لیے جمعرات سے کوششیں جاری تھیں، فوج کی مدد سے جمعرات کی دیر شام باقی خاندانوں کے تمام افراد کو نکال لیا گیا۔ دوسرے دن فوج کی 93 انفنٹری بریگیڈ کی مدد سے پولیس اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں کے تعاون اور سخت کوششوں سے سبھی کو بچا لیا گیا ہے۔