ریاست اترپردیش میں ریاستی حکومت کی جانب سے احکامات جاری ہونے کے بعد مدارس میں بھی آف لائن تعلیم کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں مدارس میں درجہ چھ سے 12 تک کی تعلیم دی جا رہی ہے تاہم ابھی بھی مدارس میں کورونا کے خوف سے طلبہ کی تعداد نہایت ہی محدود ہے حالانکہ مدارس منتظمین کا کہنا ہے کہ یکم ستمبر کے بعد سے پرانا ماحول واپس آنے کی امید ہے۔
واضح رہے کہ ریاست میں 23 اگست سے درجہ چھ سے اٹھ تک کے اسکول اور مدارس کھولنے کا حکم جاری کیا گیا تھا جبکہ درجہ نو تا 12 کی تعلیم 23 اگست سے قبل جاری تھی۔
حکومتی احکامات جاری ہونے کے بعد مدارس کا کیا ماحول ہے، یہ جاننے کے لئے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے بارہ بنکی کے محلہ پیر بٹاون میں واقع مدرسہ دارالعلوم کا جائزہ لیا۔
مزید پڑھیں:۔مدرسے کے طلبہ میں اسکولی بیگ تقسیم
اس دوران مدرسے میں طلبہ کی تعداد بہت کم نظر آئی۔ مہتمم مولانا مجیب قاسمی نے بتایا کہ طلبہ کی تعداد میں آہستہ آہستہ اضافہ ہو رہا ہے لیکن تعداد بہت کم ہے چونکہ حکومتی گائیڈ لائن کے مطابق طلبا کو 50 فیصدی ہی بلانے کی پابندی ہے۔ اس کے علاوہ زیادہ تر والدین یکم ستمبر کے انتظار میں ہیں کیونکہ جب تمام درجات کی تعلیم جاری ہوجائے گی تبھی والدین اپنے بچوں کو مدرسہ بھیجیں گے۔