نئی دہلی: دہلی حکومت نے قومی دارالحکومت میں کووڈ-19 کے بڑھتے ہوئے معاملات کے درمیان صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے جمعرات کو ایک ہنگامی میٹنگ کی۔ دہلی کے وزیر صحت سوربھ بھاردواج نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ قومی دارالحکومت میں کووڈ کو لے کر کوئی گھبراہٹ کی صورتحال نہیں ہے، لیکن ہم دہلی اور دیگر ریاستوں میں بھی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔
دہلی کے وزیر صحت سوربھ بھاردواج نے بتایا کہ ہم نے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کے ساتھ ایک ہنگامی میٹنگ کی۔ ہم نے تمام اسپتالوں کو کووڈ-19 سے نمٹنے کے لیے الرٹ پر رکھا ہے، لیکن گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ بھاردواج نے کہا کہ حال ہی میں کووڈ کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایک موک ڈرل کی گئی تھی۔ وزیراعلیٰ جمعہ کو محکمہ صحت کی تیاریوں کا جائزہ لیں گے۔ حکومت کورونا ٹیسٹوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ اس کے بڑھتے ہوئے کیسز کو دیکھتے ہوئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔