بھرت پور: جنید اور ناصر قتل معاملہ میں پولیس نے ریمانڈ میں لئے گئے ملزم رنکو سینی سے کئی اہم معلومات حاصل کی ہیں۔ ملزم سے پوچھ گچھ اور تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس قتل کیس میں تقریباً آٹھ افراد ملوث ہیں۔ دوسری جانب پیر کے روز فرانسک میڈیکل بورڈ نے گاؤں گھاٹمیکا جا کر متاثرین کے اہل خانہ کے ڈی این اے کے نمونے لیے۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ شیام سنگھ نے بتایا کہ ملزم رنکو سینی جو کہ پانچ دن کے پولس ریمانڈ پر ہے، اس نے پوچھ گچھ کے دوران اس واقعہ کے سلسلے میں مشکوک گاڑیوں کی نقل و حرکت کے بارے میں کئی اہم معلومات دی ہیں۔ رنکو کے بیان اور دیگر شواہد کے تجزیے کے ساتھ ساتھ واقعے میں آٹھ افراد کا ملوث ہونا ثابت ہو گیا ہے۔ کچھ اور افراد کے نام بھی سامنے آئے ہیں جن کا کردار مشکوک ہے۔ ملزمان نے فرار ہونے سے قبل جن افراد سے رابطہ کیا ان سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
ایس پی شیام سنگھ نے بتایا کہ ہریانہ کے بارواس گاؤں سے جلی ہوئی بولیرو میں ملی لاشوں کا پوسٹ مارٹم میڈیکل بورڈ نے کیا تھا۔ تمام رپورٹس اور ضبط شدہ سامان تھانہ جمرس سے حاصل کر لیا گیا ہے۔ پیر کو جنید اور ناصر کے رشتہ داروں کے فرانسک میڈیکل بورڈ نے ڈی این اے پروفائلنگ کے لیے ڈی این اے کے نمونے لیے۔ ایس پی نے کہا کہ اب تک کی تفتیش میں جن ملزمان اور مشتبہ افراد کی شناخت ہوئی ہے وہ ہریانہ کے کئی علاقوں کے رہنے والے پائے گئے ہیں۔ ان کی گرفتاری کے لیے بھرت پور پولیس کی تین ٹیمیں ہریانہ پولیس کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں۔ بھرت پور کے آئی جی گورو سریواستو اور ایس پی شیام سنگھ پیر کو گوپال گڑھ تھانہ پہنچے اور کیس کی اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وہیں راجستھان پولیس پر ہریانہ میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی کا الزام لگایا گیا ہے۔ خواتین کے قومی کمیشن نے اس بارے میں ایم پی رنجتا کولی کو مطلع کیا۔ ساتھ ہی پورے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی پی ہریانہ اور ڈی جی پی راجستھان سے کارروائی کی رپورٹ طلب کی ہے۔ بھرت پور کی رکن پارلیمان رنجتا کولی نے پیر کو قومی خواتین کمیشن کی چیئرپرسن کو ایک خط لکھ کر ہریانہ میں راجستھان پولیس کے ذریعہ ایک خاتون پر حملہ کے الزام کی تحقیقات کا مطالبہ کیا، ساتھ ہی بھرت پور پولیس کے خلاف جنین قتل کا مقدمہ درج کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ جس پر خواتین کے قومی کمیشن نے ایم پی رنجتا کو بتایا کہ اس معاملے میں فوری نوٹس لیتے ہوئے کمیشن نے ڈی جی پی ہریانہ اور ڈی جی پی راجستھان سے کارروائی کی رپورٹ طلب کی ہے۔