نئی دہلی:کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی کی پارلیمنٹ کی رکنیت منسوخ کیے جانے کے خلاف راج گھاٹ پر پارٹی کی جانب سے سنکلپ ستیہ گرہ کرنے کی پولیس نے اجازت نہیں دی ہے۔ اس کی وجہ سے کانگریس کارکنوں اور رہنماوں میں ناراضگی ہے۔ دہلی پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ راج گھاٹ کے آس پاس سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ دہلی پولیس کو خدشہ تھا کہ اس یک روزہ سنکلپ ستیہ گرہ میں بڑی تعداد میں کانگریس کے کارکنان جمع ہوں گے، جس کی وجہ سے ٹریفک جام اور امن و امان میں خلل پیدا ہوسکتا ہے۔ اسی لیے دہلی پولیس نے ستیہ گرہ کی اجازت نہیں دی ہے۔ تاہم اجازت نہ دینے کی ایک وجہ یہ بھی بتائی جا رہی ہے کہ راج گھاٹ کے آس پاس دفعہ 144 نافذ ہے۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کو لوک سبھا کی رکنیت سے نااہل قرار دیے جانے کے خلاف احتجاج میں پارٹی رہنما اور کارکنان اتوار کو مہاتما گاندھی کے مجسموں کے سامنے یک روزہ ستیہ گرہ کر رہے ہیں۔ یہ ستیہ گرہ آج صبح 10 بجے سے شروع ہو کر شام پانچ بجے تک چلے گی۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا، کانگریس رہنما جگدیش ٹائٹلر نے راج گھاٹ پر پارٹی کے سنکلپ ستیہ گرہ میں حصہ لیا۔ واضح رہے کہ راہل گاندھی کو جمعہ کو لوک سبھا سے نااہل قرار دے دیا گیا تھا کیونکہ انہیں سورت کی ایک عدالت نے 2019 کے ہتک عزت کے مقدمے میں دو سال قید کی سزا سنائی تھی۔ لوک سبھا سکریٹریٹ کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ان کی نااہلی کا حکم 23 مارچ سے نافذ ہوگا۔