چیف سکریٹری پردیپ کمار جینا بھونیشور:اوڈیشہ حکومت نے منگل کو بالاسور میں 2 جون کو ہونے والے ٹرپل ٹرین سانحہ میں مرنے والوں کی حتمی تعداد میں ترمیم کرتے ہوئے 288 کر دیا ہے۔ نامہ نگاروں کو بریفنگ دیتے ہوئے چیف سکریٹری پردیپ کمار جینا نے کہا کہ ہم نے بالاسور کے کلیکٹر سے برآمد شدہ لاشوں کی تفصیلات مرتب کرنے کو کہا تھا جس کے بعد کلیکٹرز نے آج ہمیں بتایا کہ مرنے والوں کی حتمی تعداد 288 ہے۔
اس سے قبل بھی اوڈیشہ حکومت اور ریلوے حکام نے اعلان کیا تھا کہ اس سانحے میں 288 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ لیکن بعد میں ریاستی حکومت نے مرنے والوں کی تعداد 275 کر دی تھی۔ اب ایک بار پھر منگل کو چیف سکریٹری نے کہا کہ 288 اس حادثے میں مرنے والوں کی حتمی تعداد ہے۔ انہوں نے کہا کہ 288 لاشوں میں سے 193 لاشوں کو 96 ایمبولینسوں کے ذریعے بھونیشور لایا گیا ہے جبکہ 94 لاشیں بالاسور میں ہی مناسب شناخت کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
جینا نے مزید کہا کہ ایک اور شخص جو بھدرک اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، اسے بھی اسپتال میں اس کے اہل خانہ کے حوالے کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھونیشور لائی گئی 193 لاشوں میں سے 110 کی شناخت کر لی گئی ہے اور اب تک ان کے رشتہ داروں کے حوالے کر دی گئی ہے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ اب تک کل 205 لاشوں کی شناخت کر کے ان کے لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہے جبکہ باقی 83 لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
چونکہ لاشیں بہت بری حالت میں ہیں، لوگوں کو لاشوں کی شناخت کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اس لیے ایمس بھونیشور میں ڈی این اے کے نمونے لیے جا رہے ہیں تاکہ لواحقین کو اپنے پیاروں کی لاشیں مل سکیں، انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی حکومت متاثرین اور ان کے لواحقین کو مفت نقل و حمل سمیت ہر قسم کی مدد فراہم کر رہی ہے اور اس کا خرچ چیف منسٹر ریلیف فنڈ (سی ایم آر ایف) سے پورا کیا جارہا ہے۔