نئی دہلی: قومی دارالحکومت دہلی کے جہانگیر پوری علاقے میں پولیس کو شردھانند کالونی کے تالاب سے بوری میں بند ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی۔ یہ لاش کئی ٹکڑوں میں ملی ہے۔ فی الحال ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ پولیس نے اس سلسلے میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ لاش ملنے سے پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے بھجوا دیا تاہم لاش کی شناخت نہیں ہو سکی۔ حالانکہ ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں اس معاملہ کو گزشتہ روز گرفتار کئے گئے دو مشتبہ افراد سے جوڑنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر پوری علاقے سے گرفتار کیے گئے دو مشتبہ افراد جگجیت سنگھ اور نوشاد نے ہی اس واردات کو انجام دیا ہے۔ آپکو بتادیں کہ دو دن قبل دہلی پولیس کی اسپیشل سیل نے جہانگیر پوری علاقے میں جگجیت سنگھ اور نوشاد نام کے دو مشکوک افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اسپیشل سیل کی ٹیم نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع کی بنیاد پر جہانگیر پوری کے علاقے میں چھاپہ مارا، جہاں سے دونوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ ان پر قوم کے خلاف سازش کرنے کا الزام تھا۔
پولیس کی جانب سے کی گئی مسلسل پوچھ گچھ کے دوران دونوں نے کئی انکشافات کیے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بھلسوا ڈیری کے ایک گھر میں مسلسل جایا کرتے تھے۔ پولیس کو جمعہ کی رات چھاپے کے دوران اس گھر سے ایک دستی بم کے ساتھ کئی دستاویزات اور خون کے نشانات ملے۔ جس کے بعد ان لوگوں سے ہفتہ کو دوبارہ پوچھ گچھ کی گئی۔اس دوران شردھانند کالونی کے تالاب سے لاش ملنے کے بعد اب پولیس دونوں مشتبہ ملزمان سے پوچھ گچھ میں مصروف ہے۔