تھوبل: پارٹی مخالف سرگرمیوں کے الزام میں بہوجن سماج پارٹی سے معطل لوک سبھا کے رکن دانش علی نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کے لیے منعقد تقریب میں شرکت کی۔ جس کے بعد یہ سمجھا جارہا ہے کہ وہ جلد ہی کانگریس میں شامل ہوں گے۔
اترپردیش کی امروہہ پارلیمانی سیٹ سے لوک سبھا کے رکن دانش علی کو بی ایس پی نے 9 دسمبر کو پارٹی مخالف سرگرمیوں کے الزام میں معطل کر دیا تھا۔ علی جو منی پور کی راجدھانی امپھال سے متصل ریاست کے تھوبل کے کھونگ جونگ میں منعقدہ یاترا کے آغاز کے پروگرام میں حصہ لینے آئے تھے۔ کانگریس کے سینئر لیڈروں کے ساتھ اسٹیج پر اگلی قطار میں بیٹھے تھے۔
راہل گاندھی کی قیادت میں کی جانے والی نیائے یاترا میں شامل ہونے کو اپنی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ''میں اس یاترا کا حصہ بننا اپنا فرض سمجھتا ہوں کیونکہ یہ راہل گاندھی کی پہل ہے تاکہ کمزوروں کو انصاف فراہم کیا جائے اور لوگوں کو متحد کیا جائے۔ بھارت جوڑو نیائے یاترا میں شامل ہونا میرا ایک اہم سیاسی فیصلہ ہے اور میں نے یہ فیصلہ بہت غور و فکر کے بعد کیا ہے۔‘‘