نئی دہلی: پارلیمنٹ میں بی جے پی رہنما کی نفرت انگیز زبان استعمال کرنے پر کاروائی کرنے کے بجائے اب اس معاملے میں سیاست تیز ہوگئی ہے اور الزامات کا نیا دور بھی شروع ہو گیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما نشی کانت دوبے نے بی ایس پی کے رکن پارلیمنٹ پر پی ایم مودی کو 'نیچ' کہنے کا الزام لگایا ہے۔ ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے بی ایس پی کے رکن پارلیمنٹ دانش علی نے کہا کہ ہمارے سنسکار ایسے نہیں ہیں کہ ہم ملک کے وزیر اعظم پر اس طرح کے تبصرے کریں۔
بی ایس پی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ اس سے پہلے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ نشی کانت دوبے نے بی ایس پی رکن پارلیمنٹ دانش علی پر الزام لگایا تھا کہ وہ لوک سبھا کی کارروائی کے دوران پی ایم کو بار بار 'نیچ' کہہ رہے تھے۔ دوبے نے مزید کہا کہ بی ایس پی ایم پی لوک سبھا ایم پی رمیش بدھوڑی کو یہ کہہ کر مشتعل بھی کر رہے تھے۔ اس کے بعد بدھوڑی اپنا غصہ کھو بیٹھے اور بی ایس پی رکن پارلیمنٹ کے ساتھ بد زبانی کی۔