گزشتہ روز آئے توکتے طوفان نے بحر عرب کے ساحلی علاقوں میں زبردست تباہی مچائی ہے۔ اس طوفان نے انڈیا آئل اینڈ نیچرل گیس کارپوریشن(او این جی سی) کے بحری جہاز کو اپنی زد میں لے لیا تھا۔اس جہاز پر 241 افراد سوار تھے۔
بحریہ نے سمندر میں پھنسے ہوئے188 لوگوں کو بچایا جس میں سے اب تک ہندوستانی بحریہ کے جوانوں کی جانب سے شروع کی گئی ’’ریسکیو آپریشن‘‘ مہم کے دوران 188 لوگوں کو بحفاظت باہر نکالنے میں کامیابی ملی ہے، جبکہ اب تک22 افراد کی لاشوں کو بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
اب بھی47 لوگوں کا کوئی سراغ نہیں ملا، انہیں مسلسل تلاش کیا جا رہا ہے۔ بحر عرب میں پھنسے ہوئے بارج پی305 میں موجود لوگوں کو بچانے کے لئے بحریہ کے ساتھ کوسٹ گارڈ کی ٹیم کا مشترکہ سرچ اور ریسکیو آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔
طوفان کے باعث سمندر میں پھنسے بہت سارے لوگوں کی جانیں بچانے کے لئے ممبئی سے کئی میل دور سمندر میں بھارتی بحریہ اپنے کام میں مصروف ہے۔
واضح رہے کہ سمندر کی بڑھتی ہوئی لہروں کے وجہ سے اس بچاؤ آپریشن کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔تاہم بحریہ اور کوسٹ گارڈ کے جوان لوگوں کو بچانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔دریں اثنا جہاز کےعملے کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لئے کچھ ہیلپ نمبرات بھی جاری کیے گئے ہیں جن پر رابطہ کرکے متعلقین معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔