مرکزی حکومت نے بھارت آنے والے تمام غیر ملکی مسافروں کے لیے نئے رہنما خطوط جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تمام افراد کو 72 گھنٹے پہلے کی آرٹی - پی سی آر ٹیسٹ کی مثبت رپورٹ پیش کرنی ہوگی اور اپنے موبائل فون پر آروگیہ سیتو ایپ رکھنا ہوگا۔
مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود نے بدھ کو یہاں جاری کردہ رہنما خطوط میں کہا کہ غیر ملکی مسافروں کو خود تصدیق شدہ اعلان کرنا ہوگا اور اسے ایئر سویدھا پورٹل پر ڈالنا ہوگا۔ اس کے علاوہ سفر سے 72 گھنٹے پہلے کی کووڈ نگیٹو رپورٹ دینی ہو گی۔
نئے رہنما خطوط 25 اکتوبر کی آدھی رات سے نافذ ہوں گے اور اگلے احکامات تک نافذ رہیں گے۔ حکومت نے کہا کہ جن ممالک میں ویکسین والے بھارتیوں کو آمد پر قرنطینہ میں چھوٹ ملی ہے، ان ممالک کے شہریوں کو بھارت بھی قرنطینہ میں چھوٹ دے گا۔ بھارت نے ہدایات کے ساتھ مختلف ممالک کے دو کیٹگری جاری کی ہیں۔ پہلی کیٹگری میں ان ممالک کو رکھا گیا ہے جن کو بھارت سب سے زیادہ کووڈ کے خطرے والے ممالک سمجھتا ہے۔ان ممالک میں برطانیہ سمیت یورپ کے تمام ممالک جنوبی افریقہ، برازیل، بنگلہ دیش، بوٹسوانا، چین، ماریشس، نیوزی لینڈ اور زمبابوے شامل ہیں۔