سونیا گاندھی کا ویکسین کی من مانی قیمت سے متعلق وزیراعظم کو خط
کانگریس کے صدر سونیا گاندھی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کو کورونا ویکسین کی قیمتوں میں فرق سے متعلق ایک خط لکھا ، جس میں کہا گیا کہ ویکسین کی من مانی قیمت غیر منصفانہ ہیں اور وزیراعظم مودی کو اس میں مداخلت کرنا چاہیے۔
وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں کانگریس پارلیمانی پارٹی کی رہنما نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ کورونا ویکسینیشن سے متعلق حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ویکسین بنانے والی کمپنیاں اس کی قیمتوں سے متعلق من مانی پر اتر آئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ویکسین تیار کرنے والی کمپنی سیرم انسٹی ٹیوٹ نے آج ہی اس ویکسین کی قیمت کا اعلان کیا ہے۔ اس کے مطابق مرکزی حکومت کو یہ ٹیکہ 150 روپے میں، ریاستی سرکاروں کو 400 روپے میں اور پرائیویٹ ہسپتالوں کو 600 روپے میں فروخت کیا جائے گا۔
کانگریس صدر نے کہا کہ جب ملک میں کورونا کی دوسری لہر عروج پر ہے تو حکومت کو اس طرح کی من مانی کی اجازت نہیں دینی چاہئے اور 18 سال سے زیادہ عمر کے تمام افراد کو ان کی معاشی حیثیت یا دیگر سطح کا اندازہ کئے بغیر یکساں طور پر سبھی کے لئے ٹیکہ کاری کا انتظام کرنا چاہئے۔
سونیا گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم کو آگے آنا چاہئے اور ایسی من مانی کو روکنے کے لئے مداخلت کرنا چاہیے تاکہ ملک کے تمام لوگوں کو مساوی قیمت پر کورونا ویکسین دستیاب ہوسکے۔