امارت شرعیہ بہار، اڑیسہ و جھارکھنڈ کے قاضی شریعت مولانا قاضی عبدالجلیل قاسمی کا انتقال کل بعد نماز مغرب پٹنہ میں ہوا۔ مولانا کی پہلی نماز جنازہ کل رات دس بجے پھلواری شریف میں واقع امارت شرعیہ میں ادا کی گئی۔
مولانا کا جسد خاکی تدفین کے لئے ان کے آبائی وطن مغربی چمپارن کے بتیا لے جایا گیا، جہاں بعد نماز ظہر نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور مقامی قبرستان میں تدفین ہوگی۔
مولانا قاضی عبدالجلیل قاسمی کی پیدائش 1942ٔء میں دھوبنی ضلع چمپارن میں ہوئی تھی۔ آپ کے والد کا نام حافظ محمد سعید تھا، ابتدائی تعلیم سرکاری لور پرائمری اسکول میں ہوئی۔ دینی تعلیم کی ابتدا گھر پر ہی ہوئی۔ چچا مولانا محمد یعقوب مرحوم سے فارسی اور عربی کی ابتدائی کتابیں پڑھیں۔ مولانا نے 1959 میں دارالعلوم دیوبند میں داخلہ لیا اور 1963 میں دورۂ حدیث سے فراغت حاصل کرنے کے بعد مزید ایک برس فن ہیت اور عربی ادب کی تکمیل کے لئے دیوبند میں قیام کیا۔