وزارت داخلہ نے مغربی بنگال کے تمام اضلاع کے ضلع مجسٹریٹ سے مرکزی فورسز کی تعیناتی اور روٹ مارچ کے لئے تفصیلی معلومات مہیا کرانے کی ہدایت دی ہے۔ ترنمول کانگریس کے سنئیر رہنما اور وزیر فرہاد حکیم نے کہا کہ اسمبلی انتخابات سے مرکزی فورسز کی 125 کمپنیوں کی تعیناتی کا فیصلے کا کوئی مطلب ہی نہیں ہے۔
مرکزی فورسز کی مدد سے بنگال پر قبضہ نہیں کیا جا سکتا : فرہاد حکیم کولکتہ میونسپل کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹو بورڈ اور وزیر فرہاد حکیم نے کہا کہ مرکزی فورسز کی مدد سے اقتدار یا پھر کسی ریاست پر قبضہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل مرکزی فورسز کی تعیناتی کا اعلان کرکے لوگوں میں دہشت پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ترنمول کانگریس کے رہنما کا کہنا ہے کہ تاریخ گواہ ہے کہ مغربی بنگال کے لوگ کسی سے نہیں ڈرتے چاہے وہ بیرکپور میں انگریزوں کے خلاف بغاوت یو یا سراج الدولہ کی برطانوی فوج کے خلاف جنگ۔ انہوں نے کہا کہ ان سب ہتھکنڈوں کے ذریعہ بنگال پر قبضہ نہیں کیا جا سکتا۔
اقتدار پر قابض ہونے کے لئے عوام کی حمایت حاصل کرنی پڑتی ہے اور دل جیتنا پڑتا ہے۔ بی جے پی دونوں میں ناکام ہوچکی ہے۔ بی جے پی کی رہنما پامیلا گوسوامی کی منشیات کے ساتھ گرفتاری پر وزیر فرہاد حکیم نے کہا کہ اعلی تعلیم یافتہ لوگ اس پارٹی سے نہیں جڑتے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی رہنما منشیات کے ساتھ گرفتار ہوتی ہے۔ اس پر منشیات فروخت کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ بی جے پی کے رہنما خاموش ہیں ، انہیں اپنی خاتون رہنما کی رہائی کے احتجاج کرنا چاہئیے لیکن کریں گے کیسے پولیس نے تو رہنما کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے۔