قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) نے جمعرات کی دیر رات شری اکال تخت صاحب کے سابق جھتے دار بھائی جسبیر سنگھ روڈے کے گھر چھاپہ ماری کرکے ان کے بیٹے گرمُکھ سنگھ کو گرفتار کیا ہے۔ چھاپے کے دوران روڈے کے گھر سے دھماکہ خیز مادہ برآمد ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق این آئی اے اور آئی بی نے مشترکہ طور پر یہ چھاپہ ماری جمعرات کی رات 12 بجے کی گئی۔ بھائی جسبیر سنگھ روڈے کے اہل خانہ کے اراکین نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ رات 12 بجے ان کے اربن ایسٹیٹ کے ہردیال نگر واقع گھر میں پہنچی۔ 25-30 رکنی ٹیم بھائی روڈے کے بیٹے گُرمکھ سنگھ کو گرفتار کرکے لے گئی ہے۔
چھاپہ ماری کے وقت بھائی روڈے اپنے گھر میں ہی تھے لیکن ان کی طبیعت ٹھیک نہ ہونے کے سبب پولیس نے ان کے بیٹے کو گرفتار کیا ہے ۔ بھائی روڈے کا کچھ وقت پہلے آپریشن ہوا ہے۔ متذکرہ کاروائی کو گذشتہ دنوں پنجاب میں ہوئی ٹیفن بم برآمدگی کے معاملے سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے اور یہ کاروائی اسی سلسلے میں کی گئی ہے۔