گاندھی نگر: گجرات میں مسلسل ساتویں بار انتخابات جیتنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب پیر (12 دسمبر) کو یہاں منعقد ہوگی، جہاں مسٹر بھوپیندر پٹیل ہیلی پیڈ گراؤنڈ میں وزیر اعلیٰ کا حلف لیں گے۔ گجرات بی جے پی کے صدر سی آر پاٹل کی قیادت میں پارٹی کی کور کمیٹی نے ہفتہ کو گورنر آچاریہ دیوورت سے یہاں راج بھون میں ملاقات کی اور باضابطہ طور پر حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔ رسمی معلومات کے خط میں کہا گیا ہے کہ نومنتخب ایم ایل اے بھوپیندر بھائی رجنی کانت پٹیل کو متفقہ طور پر ریاست میں بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔Bhupendra To Continue As Gujarat CM
مسٹر دیوورت سے ملنے والے بی جے پی لیڈران میں جیتو بھائی واگھانی، رمن لال وورا، پنکج بھائی دیسائی، ہرش سنگھوی، پورنیش مودی، رشیکیش بھائی پٹیل، کنو بھائی دیسائی، شنکر بھائی چودھری، گنپت بھائی وساوا، رمن بھائی پاٹکر، نریش بھائی پٹیل وغیرہ موجود تھے۔ روایت کے مطابق قائم مقام وزیر اعلیٰ اور بی جے پی قانون ساز پارٹی کے لیڈر منتخب ہوئے بھوپیندر پٹیل اس موقع پر موجود نہیں تھے۔ اس خط میں کی گئی درخواست پر غور کرتے ہوئے گورنر نے بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کے نومنتخب لیڈر بھوپیندر بھائی پٹیل کو پیرکے روز دوپہر 2 بجے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لینے کے لیے مدعو کیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب گاندھی نگرمیں نئے سیکریٹریٹ، سردار بھون کمپلیکس کے سیکریٹریٹ ہیلی پیڈ گراؤنڈ میں ہوگی۔