کولکاتا کے روزنامہ عکاس کے ایڈیٹر اور مالک بزرگ صحافی کریم رضا مونگیری کا شمار کولکاتا کے بڑے صحافیوں میں ہوتا تھا۔ وہ روزنامہ آزاد ہند کے سابق ایڈیٹر احمد سعید ملیح آبادی کے ساتھیوں میں سے تھے۔
عمر رسیدہ ہونے کے باوجود علمی و ادبی محفلوں میں ذوق و شوق سے شرکت کرتے تھے۔ ان کے ماتحت روزنامہ عکاس نے اپنی اشاعت کے 55 سال بھی پورے کئے۔ ان کے اہل خانہ کے مطابق بزرگ صحافی گزشتہ ایک ہفتے سے بخار میں مبتلا تھے۔ لیکن تشویش کی کوئی بات نہیں تھی۔ گھر پر ہی ان کا علاج جاری تھا لیکن عمر زیادہ ہونے کی وجہ سے بہت نحیف ہوگئے تھے۔ آج صبح 9.45 بجے ان کا گھر پر ہی انتقال ہوگیا۔
کریم رضا مونگیری کا شمار کولکاتا کے بڑے صحافیوں میں ہوتا تھا۔ وہ کولکاتا کے صحافت کے اہم ستون تھے۔ ان کے جانے سے کولکاتا کی صحافتی دنیا کو بہت بڑا نقصان ہوا۔ اس سے بھی اہم بات کے وہ روزنامہ عکاس کے مالک کے طور پر اپنے اخبار میں کام کرنے والوں کے ساتھ حسن سلوک کے ساتھ پیش آتے تھے۔ علمی و ادبی محفلوں میں لوگوں سے بہت تپاک سے ملتے تھے۔ کولکاتا نو وارد صحافیوں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتے تھے۔
ان کے اخبار روزنامہ عکاس نے کئی بڑے صحافیوں کو جنم دیا جنہوں نے قومی سطح پر شناخت بنائی۔ اگرچہ ان کا اخبار اشاعت کے اعتبار سے گذشتہ برسوں میں بہت محدود ہو گیا تھا لیکن اس کے باوجود مستحکم طور پر شائع ہوتا رہا۔